ڈاکٹر رشید حسن خان نے عوامی حکومت کے قیام کیلئے جیل کاٹی، مقررین
لندن (خالد حمید فاروقی) ڈاکٹر رشید حسن خان نے ہمیشہ سادہ مزدور کی زندگی گزاری اور آخری دم تک مزدروں، کسانوں، انقلابی طلبہ کے قریب رہے۔ انہوں نے کبھی بھی اپنے اصولوں پر سودے بازی نہیں کی، انہوں نے جمہوریت اور عوامی حکومت کے قیام کی جدوجہد میں جیل کاٹی۔ ڈاکٹر رشید حسن خان نے ہزاروں سیاسی کارکنوں کی تربیت کی۔ برطانیہ اور امریکہ میں ڈاکٹر رشید حسن خان کے تربیت یافتہ ڈاکٹروں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے تعزیتی ریفرنس کے موقع پر سواس یونیورسٹی لندن میں کیا۔ مقررین نے کہا کہ ڈاکٹر رشید حسن خان نے کئی کتابیں تحریر کیں، وہ ایک عظیم مارکسی دانشور تھے، وہ ایک بزرگ سیاسی کارکن تھے۔ انہو ں نے اپنی سیاست کا آغاز اپنے طالب علمی کے زمانے ڈائو میڈیکل کالج سے کیا۔ وہ ایوب آمریت کے خلاف طالب علموں میں ایک بلند آواز تھے اور انہوں نے پورے پاکستان کے طلبہ کو نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے پلیٹ فارم پر منظم کیا۔ ڈاکٹر غفور کانسی نے کہا کہ ڈاکٹر خان جیسا سیاسی کارکن سیاسی تحریکوں میں مشعل راہ کا کردار ادا کرتا ہے۔ ڈاکٹر حسن جاوید نے ڈاکٹر رشید خان کی استقامت کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹر عمر دراز نے ڈاکٹر رشید خان کے ساتھ اپنے سیاسی مراسم کا ذکر کیا۔ شوکت کشمیری نے کہا کہ آپ کا ولولہ مشعل راہ تھا۔
Leave a Reply