🚀 Want a superfast website? Hostinger is your launchpad! 🚀

ہائی بلڈ پریشر سے متعلقہ امراض انجائنا

Back to Posts
حمل کا زہریلا پن اور ہائی بلڈ پریشرحمل کا زہریلا پن اور ہائی بلڈ پریشر

ہائی بلڈ پریشر سے متعلقہ امراض انجائنا

     ہائی بلڈ پریشر سے متعلقہ امراض / انجائنا

(Complication of High Blood Pressure)

دل کی پیچیدگیاں
کولیسٹرول کے اجتماع کو (شریانوں کی دیواروں سے چپکنے کے بعد اس میں اضافہ) ایتھیروما کہتے ہیں۔ ایتھیروما جب دل کی کسی شریان کو اپنا حجم بڑھا کر تنگ کردیتے ہیں تو اس شریان سے متعلقہ دل کے حصے کو ضروری اور مطلوبہ مقدار میں خون نہیں ملتا۔ خون نہ ملنے کا مطلب اس حصے کو آکسیجن اور توانائی کی سپلائی میں کمی ہے۔ اس کیفیت میں میڈیکل کی زبان میں آئی ایچ ڈی (اسچیمک ہارٹ ڈیزیز) اور سی اے ڈی (کورنری آرٹیری ڈیزیز) کہتے ہیں۔ یہ دونوں اصطلاحیں عام زبان میں انجائنا اورہارٹ اٹیک کہلاتی ہیں۔
انجائنا                                                                             
یہ دل کا ایسا درد ہے جو مختصر عرصہ کے لئے لاحق ہوتا ہے اور بیس منٹ سے زیادہ دیر تک نہیں رہتا یہ درد دراصل دل کے پٹھے کی احتجاجی چیخ و پکار ہوتی ہے جس کا مطلب ہوتا ہے کہ اس کی رسد اور طلب کا توازن بگڑگیا ہے اس کو جس قدر خون (آکسیجن اور توانائی) کی ضرورت ہے وہ پوری نہیں ہورہی۔ جیسا کہ پہلے بتایا گیا ہے اس کا سبب دل کی کسی شریان میں کولیسٹرول کے اجتماع سے خون کی سپلائی میں عارضی رکاوٹ ہوتا ہے یہ سپلائی آرام کی حالت میں تو کافی مقدار میں ہوتی ہے لیکن اگر دل کو کسی وجہ سے (مشقت یا ایکسرسائز یا   جذباتی کیفیات) زیادہ کام کرنا پڑے تو یہ سپلائی ناکافی ثابت ہوتی ہے۔

اسباب
اسباب کا تعلق جسمانی مشقت، غصہ، طیش، خوف، صدمہ یا جنسی سرگرمیوں سے ہے۔ انجائنا کی ایک قسم انتہائی شدید ہوتی ہے اسے غیر مستحکم انجائنا کہتے ہیں۔ اس کا درد کسی مشقت یا جذباتی کیفیت کے بغیر آرام کی حالت میں چھڑجاتا ہے اور بیس منٹ سے زیادہ دیر تک جاری رہتا ہے اور یہ کیفیت رک رک کر بار بار پیدا ہوتی ہے اور بالآخر ہارٹ اٹیک ہوجاتا ہے ، جس میں دل کا پٹھہ مفلوج ہوجاتا ہے۔
علامات
انجائنا کی شناخت اس کی علامتوں سے کی جاسکتی ہے۔ یہ علامتیں درد کی نوعیت اور اس کی لہروں کا خاص انداز ہے۔ درد کچلنے والا، گھٹن اور تیز کاٹ لئے ہوئے ہوتا ہے۔ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ چھاتی پر بہت زیادہ بوجھ ڈال دیا گیا ہے، کچھ مریضوں کو معدہ کے اوپر چھاتی کی نچلی ہڈی کے پیچھے سخت جلن محسوس ہوتی ہے۔ ان کا اصرار ہوتا ہے کہ یہ بدہضمی کی کیفیت ہے۔
دل سینے میں تقریباً بائیں طرف ہوتا ہے لیکن درد عموماً وہاں محسوس نہیں ہوتا۔ درد پھیل کربائیں کندھے اوربازو یا دائیں کندھے اوربازو (بعض اوقات دونوں میں) اور گردن نچلے جبڑے یا براہ راست پشت پر کندھوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔ بعض اوقات چھاتی میں کسی طرح کا درد محسوس نہیں ہوتا لیکن کندھوں، بازو، گردن، جبڑے یا معدے کے اوپر والے حصہ میں کسی ایک جگہ محسوس ہوتا ہے اورمریض بُری طرح مضطرب ہوتا ہے۔درد چند منٹ تک جاری رہتا ہے تاہم بیس منٹ سے زیادہ نہیں ہوتا۔
تشخیص
انجائنا کی تصدیق ای سی جی (الیکٹروکارڈیو گرام) کے ذریعے کی جاتی ہے۔ آرام کی حالت میں ای سی جی ممکن ہے معمول کے مطابق رہے چنانچہ مریض کو تھوڑی سی مشقت کرائی جاتی ہے جس میں دو قدموں کا زینہ یا اسٹول پر چڑھنا اترنا۔ ساکن سائیکل چلانا یا ٹریڈمل پر چلنا۔ اس طرح کی مشقت ایکسرسائز کے بعد ای سی جی مختلف نکلے تو اسے دہرایا جاتا ہے اور تصدیق کے بعدمریض میں دوسرے رسک فیکٹر مثلاً شوگر، ہائی بلڈ کولیسٹرول وغیرہ کی موجودگی کا سراغ لگایا جاتا ہے تاکہ مکمل علاج ہوسکے۔
علاج
انجائنا کی موجودگی دل کے امراض کی نشاندہی ہوتی ہے۔انجائنا کا درد جسم کو آرام دینے اور نائٹرو گلیسرین (انجی سیڈ) کے استعمال سے ختم ہوجاتا ہے۔ درد غائب ہونے کے بعد مریض اپنے آپ کو پھر سے مصروف عمل ہونے کے قابل محسوس کرتا ہے۔ چنانچہ نائٹریٹ (ساربیٹریٹ اور انجی سیڈ) انڈرال اور کیلشیم چینل بلاکنگ ڈرگز ڈالٹیازیم وغیرہ کے ذریعے محض انجائنا کا علاج نہیں ہوتا بلکہ دل کے دورے کو (عموماً دوسرے ہارٹ اٹیک) سے روکا جاتا ہے۔ اس کے علاج کے ضمن میں ڈاکٹر مریض کو ہائی بلڈ پریشر کنٹرول کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر رسک فیکٹر مثلاً سگریٹ نوشی، موٹاپا، شوگر وغیرہ ہوتو انہیں دورکرنے کے اقدامات تجویز کرتا ہے۔ دل کے دورہ سے بچنے کے لئے روزانہ 50 سے 100 ملی گرام اسپرین لینا ضروری ہے۔ اسپرین ہمیشہ کھانا کھانے کے فوراً بعد لینا چاہئیے تاکہ خالی معدے کو نقصان نہ پہنچائے۔

یہ مضمون احساس انفورمییٹکس (پاکستان)۔
https://ahsasinfo.com
کی کتاب ،،ہایؑ بلڈ پریشر،،سے منتخب کیا ہے
مدیر: ڈاکٹر امین بیگ 
نظرَثانی: ڈاکٹر طارق عزیز۔ایف-سی-پی-ایس میڈیسن
مزید آگاہی کے لیےؑ ویب پر کتاب کا مطالعہ کیجےؑ

Share this post

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to Posts